ایران اور یونان کے درمیان تعاون کے روڈ میپ اور سفارتی ویزے کے خاتمے کے معاہدے پر دستخط
ایران اور یونان نے تعاون کے روڈ میپ اور سفارتی ویزے کے خاتمے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
معاہدوں پر دستخط کی تقریب تہران کے سعدآباد کمپلکس میں ہوئی جس میں یونان کے وزیراعظم الیکسس سپراس اور ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری بھی موجود تھے۔ اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے بالمشافہ ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب بھی کیا۔
ایران کے نائب صدر اسحق جہانگیری نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک توانائی ، پیٹروکیمیکل، نقل و حمل اور سیاحت سمیت مختلف اقتصادی میدانوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ اسحق جہانگیری کا کہنا تھا کہ انہوں نے یونان کے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں اہم علاقائی مسائل اور بحرانوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
یونان کے وزیراعظم الیکسس سپراس نے اس موقع پر تہران ، ایتھنز تعلقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔ انہوں نےمختلف میدانوں میں ایران اور یونان کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے نمائندے باہمی تعلقات کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
وزیراعظم الیکسس سپراس نے کہا کہ انہوں نے نائب صدر اسحق جہانگیری کے ساتھ ملاقات میں شام اور عراق کے بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کی بحالی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔