Feb ۰۸, ۲۰۱۶ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  • روسی صدر ولادیمیر پوتین نے مسلح افواج کو فوری طور پر مشقیں شروع کرنے کا حکم دے دیا

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے ملک کی مسلح افواج کو فوری طور پر مشقیں شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔

صدر ولادی میر پوتن کے حکم کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں تعینات فضائی اور اینٹی ایئرکرافٹ یونٹ، ممکنہ فضائی حملوں کے تدارک کے لیے فوری طور پر مشقیں انجام دیں۔ المیادین ٹی وی کے مطابق صدر پوتین کے غیر متوقع حکم کے بعد روسی فوج نے کیسپیئن سی سے لیکر بلیک سی علاقے تک فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں ۔ ان فوجی مشقوں کا مقصد ملک کے جنوبی علاقوں میں کسی بھی قسم کے ممکنہ فضائی حملوں سے بچاؤ کے لیے روسی فضائیہ اور اینٹی ایئر کرافٹ یونٹوں کی آمادگی کا جائزہ لینا ہے۔ روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئے گوف نے کہا ہے کہ ان مشقوں میں ترقی یافتہ میزائلوں اور بمبار طیاروں سے لے کرملکی دفاع کے تمام ہتھیار استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے جنوبی علاقوں میں ان غیر متوقع فوجی مشقوں کا مقصد ممکنہ دہشتگردانہ حملوں کی صورت میں اہم ترین اقتصادی تنصیبات، سرکاری اور غیر سرکاری اداروں، اور فوجی چھاؤنیوں کے دفاع کو یقینی بنانا ہے۔ روس کی بری اور فضائی فوج کے سربراہ جنرل وکٹر بونداروف ان فوجی مشقوں کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔