برطانیہ میں طوفان کی تباہی
برطانیہ میں خوفناک طوفان کے نتیجے میں ہزاروں لوگوں کے گھروں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی۔
ایموگن نامی اس طوفان نے، جس کی رفتار ایک سو پچاس کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، برطانیہ کے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اس طوفان نے برطانیہ کے جنوب مغربی علاقوں اور ویلز کے جنوبی اور مرکزی علاقوں میں خاصی تباہی مچائی ہے جس کے نتیجے میں ڈوون اور کورنوال کے بیشتر گھروں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی ہے۔
کورنوال کے ساحلوں پر بھی شدید طغیانی ہے اور اونچی اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں جبکہ طوفان سے متاثرہ بیشتر علاقوں میں بدستور طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں۔ اس طوفان کے نتیجے میں ٹرینوں کی آمد و رفت بھی معطل ہو گئی ہے جبکہ سمندری سفر میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
اگرچہ پیر اور منگل کی درمیانی رات طوفان کی شدت میں کچھ کمی واقع ہوئی لیکن برطانیہ کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی ساحلوں پر طوفان بدستور جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ چند مہنیوں کے دوران برطانیہ کے جنوبی ساحلوں پر کئی بار طوفان آچکے ہیں۔