یورپی یونین میں برطانیہ کی رکنیت باقی رکھنے سے متعلق ریفرنڈم تیئس جون کو ہوگا
یورپی یونین میں برطانیہ کو خصوصی رعایت دیئے جانے کے یورپی سربراہوں کے فیصلے کے بعد بھی برطانوی وزیر اعظم نے یورپی یونین میں برطانیہ کی رکنیت باقی رکھنے کے تعلق سے مجوزہ ریفرنڈم کے لئے تیئس جون کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ وہ بریسلز میں یورپی یونین کے سربراہی اجلاس کے دوران یورپی یونین میں برطانیہ کو دی گئی خصوصی رعایت کا خیر مقدم کرتے ہیں - واضح رہے کہ یورپی یونین کے رکن ملکوں کے سربراہوں نے اپنے بریسلز اجلاس میں سخت بحث و مباحثے کے بعد برطانیہ کو خصوصی رعایت دینے پر اتفاق کرلیا ہے تاکہ برطانیہ یورپی یونین سے الگ نہ ہو- برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یورپی یونین میں باقی رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ برطانوی عوام کریں گے اور اس کا دار و مدار یورپی یونین میں ممکنہ اصلاحات پر ہے - تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ عوام کو اس بات پر راضی کرنے کی کوشش کریں گے کہ وہ یورپی یونین میں برطانیہ کے باقی رہنے کے حق میں ووٹ دیں - برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ ہماری تجویز واضح ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یورپی یونین میں اگر اصلاحات عمل میں آجاتی ہیں تو اس میں برطانیہ کا باقی رہنا برطانوی عوام کے نفع میں ہے - اس درمیان برطانوی کابینہ کے اجلاس میں بھی فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کا موقف یہ رکھا جائے کہ برطانیہ یورپی یونین میں باقی رہے - فرانس نے برطانیہ کو یورپی یونین میں خصوصی رعایت دینے کی سخت مخالفت کی تھی ۔