Mar ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۱:۲۷ Asia/Tehran
  • جاپان میں امریکہ مخالف مظاہرہ

جاپان کے شہر اوکیناوا کے ہزاروں افراد نے اس ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی اور ان کے غیر اخلاقی رویوں کے خلاف مظاہرہ کیا ہے-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مہینوں کے دوران جاپانی عوام نے متعدد بار سڑکوں پر نکل کر واشنگٹن کی توسیع پسندانہ اور جارحانہ پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کیا ہے- مظاہرین نے اسی طرح گذشتہ روز اوکیناوا میں امریکہ کی نئی فوجی عمارت کے سامنے جمع ہوکر امریکی فوجیوں کے غیر اخلاقی رویوں کی بناء پر ان پر مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا -

تازہ ترین رپورٹوں کے مطابق ایک بار پھر ایک امریکی فوجی، گذشتہ ہفتے اوکیناوا میں غیر اخلاقی رویے کا مرتکب ہوا ہے جس کے سبب جاپانی عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے- مشتعل مظاہرین نے جاپان میں امریکی فوجیوں کی موجودگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک امریکہ کے فوجی اڈے موجود رہیں گے اور امریکی فوجی جاپان میں رہیں گے اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہیں گے-

مظاہرین نے امریکی فوجی اڈے ختم کئے جانے اور تمام فوجیوں کو اپنے ملک سے باہر نکالے جانے کا مطالبہ کیا -

واضح رہے کہ جاپان میں امریکہ کے ایک سو چوبیس فوجی اڈے ہیں-

دوسری عالمی جنگ کے اختتام کے بعد سے وسیع پیمانے پر امریکی فوجی، جاپان میں تعینات ہیں اور اس ملک میں تعینات پچاس ہزار امریکی فوجیوں میں سے نصف سے زائد اوکیناوا میں تعینات ہیں-

ٹیگس