برسلز کے لئے یونان کی پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا
برسلز کے لئے یونان کی پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا جبکہ فرانس کے تولوز ہوائی اڈے کو بھی بدھ کے روز بند کر دیا گیا۔
یونان کی ایجین ایئر لائنز نے بدھ کو دوسرے دن بھی برسلز کے لئے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔ ایجین ایئر لائنز نے اعلان کیا ہے کہ جن لوگوں نے برسلز جانے کے لئے ٹکٹ خریدے ہیں وہ اپنے ٹکٹ واپس کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ منگل کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد بیلجیئم کے حکام نے برسلز کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند رکھنے کا اعلان کر دیا تھا۔ برسلز جانے والے تمام ہوائی جہازوں کو بیلجیئم کے دوسرے شہروں کے ہوائی اڈوں پر لینڈ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔ دوسری طرف فرانس کے تولوز ہوائی اڈے کو دہشت گردانہ حملے کے خطرے کے پیش نظر بند کر دیا گیا۔ رشیا ٹوڈے کے مطابق بدھ کو فرانس کے تولوز ہوائی اڈے کو اس خدشے کے پیش نظر کہ برسلز کی مانند دہشت گردانہ حملے ہو سکتے ہیں، بند کر دیا گیا۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مسافروں کو تولوز ہوائی اڈے کے باہر ہی روک دیا گیا اور انہیں ٹرانزٹ لاؤنج میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔