دہشت گردانہ حملے کرنے کے لیے چار سو داعشی یورپ میں داخل
دہشت گرد گروہ داعش نے اپنے چار سو افراد کو حملے کرنے کے لیے یورپ روانہ کیا ہے۔
پیرس سے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق سیکورٹی حکام نے رپورٹ دی ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے کم از کم چار سو افراد کو تربیت دے کر دہشت گردانہ حملے کرنے کے لیے یورپی ملکوں میں بھیجا ہے۔ اس امریکی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپی اور عراقی سیکورٹی حکام ایسے تربیتی کیمپوں کی موجودگی کی بات کر رہے ہیں کہ جو خاص طور پر مغرب کے خلاف حملوں کی تربیت دینے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ ان سیکورٹی حکام کے مطابق داعش نے ان دہشت گردوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے مشن کو انجام دینے کے لیے مناسب وقت، مقام اور طریقہ تلاش کر کے اس کا انتخاب کریں۔
واضح رہے کہ منگل کے روز بیلجیم کے دارالحکومت اور یورپی یونین کے ہیڈکوارٹر برسلز میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں اکتیس افراد ہلاک اور ایک سو پچھتر سے زائد زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد تمام یورپی ملکوں میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔