ایران کے میزائلی تجربات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہیں: روس
روس نے کہا ہے کہ ایران نے میزائلی تجربات کر کے میزائل کے شعبے میں اپنے بین الاقوامی وعدوں کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ میں سیکورٹی اور ترک اسلحہ کے شعبے کے سربراہ میخائل اولیانوف نے روسی خبر رساں ایجنسی سگودنیا سے انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے میں میزائل کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا گیا ہے اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس سواکتیس کی ترمیم میں میزائل کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔
میخائل اولیانوف نے مزید کہا کہ ایران پر لگائے جانے والے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے کیونکہ قرارداد بائیس سواکتیس میں ایٹمی وار ہیڈز لے جانے والے میزائلوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے لیکن ابھی تک کوئی بھی یہ ثابت نہیں کر سکا ہے کہ ایران کے میزائل ایٹمی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
روسی حکام نے حالیہ مہینوں کے دوران کئی بار میزائلی تجربات کی بنا پر ایران پر پابندیاں لگانے کی مخالفت کی ہے اور اس مطالبے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔