ایران کے ساتھ ویانا اجلاس مثبت رہا: یورپی یونین
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی نائب سربراہ ہیلگا اشمید نے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے جائزے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے انعقاد کو تعمیری قرار دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہیلگا اشمید نے جمعہ کے روز ویانا میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے اجلاس کے بعد کہا کہ یورپی یونین اور گروپ پانچ جمع ایک ایران پرعائد پابندیوں کے خاتمے کے سلسلے میں اقتصادی کمپنیوں کو اطمینان دلانے کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔
ہیلگا اشمید نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ اس اجلاس کے دوران ایران پرعائد پابندیوں کے خاتمے اور ایران کے ایٹمی وعدوں کا جائزہ لیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے مسئلے میں تجارتی اور اقتصادی کمپنیوں کو اطمینان دلانے کے سلسلے میں تعاون کو جاری رکھنے سے بھی اتفاق کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس جمعہ کو ویانا میں مشترکہ جامع ایکشن پلان کا جائزہ لینے کی کمیٹی کے سربراہ سید عباس عراقچی اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی نائب سربراہ ہیلگا اشمید کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں مشترکہ جامع ایکشن پلان پرعمل درآمد، ایران پرعائد پابندیوں کے خاتمے اور اس میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا۔