یورپ امریکا سربراہی اجلاس
برطانیہ، فرانس اور اٹلی کے سربراہان مملکت یورپ اور امریکا کے غیر رسمی اجلاس میں شرکت کے لئے جرمنی کے شہر ہانوور پہنچ گئے ہیں۔
ارنا کے مطابق برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، اٹلی کے وزیراعظم میتھیو رنزی اور فرانس کے صدر فرانسوا اولینڈ پیر کو یورپ اور امریکا کے غیر رسمی اجلاس میں شرکت کے لئے جرمنی کے شہر ہانوور پہنچ گئے۔
جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی میزبانی میں امریکی صدر بارک اوباما کے ساتھ یورپی رہنماؤں کی نشست کے ایجنڈے میں یورپ اور امریکا کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ، دہشت گردی، پناہ گزینوں کا سیلاب، شام، لیبیا اور یوکرین کے بحران اور سیکورٹی کے مسائل شامل ہیں۔
امریکی صدر بارک اوباما اتوار کو ہی جرمنی کے آخری سرکاری دورے پر ہانوور پہنچ چکے ہیں۔ بارک اوباما نے اتوار کی شام ہانوور صنعتی نمائش کا افتتاح بھی کیا جس کے وہ، اس سال خصوصی مہمان ہیں۔