سلامتی کونسل کی جانب سے شام میں عام شہریوں کے قتل عام کی مذمت
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان میں دہشت گردوں کی جانب سے عام شہریوں کو حملے کا نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
الیوم السابع ویب سائٹ کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو مصر، اسپین اور نیوزی لینڈ کی اپیل پر تشکیل پانے والے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایک بیان شام میں عام شہریوں اور خاص طور سے ہسپتالوں اور طبی مراکز کو دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنائے جانے پر سخت برہمی کا اظہار اور دہشت گردوں کی جانب سے کئے جانے والے ان حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔
اقوام متحدہ میں مصر کے مستقل مندوب اور سلامتی کونسل کے موجودہ چیئرمین عمرو ابوالعطا نے کہا کہ شام میں نہتے شہریوں کا دفاع کئے جانے کی ضرورت ہے اور عالمی برادری کو چاہئے کہ دہشت گردوں کی جانب سے عام شہریوں اور ہسپتالوں نیز طبی مراکز کو نشانہ بنائے جانے کی روک تھام کرے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بحران شام کے حل اور سیاسی راہ حل کے حصول کے لئے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن دیمستورا کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا اور اس بات پر تاکید کی کہ شام کے مستقبل کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ صرف شامی عوام ہی کر سکتے ہیں۔