روس پر عائد یورپی پابندیوں میں جولائی کے بعد توسیع ہو جائے گی: فیڈریکا موگرینی
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ روس پر عائد یورپی پابندیوں میں جولائی کے بعد توسیع ہوجائے گی۔
فیڈریکا موگرینی نے ایک اخبار کو اپنے انٹرویو میں کہا کہ روس پر عائد پابندیوں کی مکمل منسوخی یوکرین کے بارے میں منسک امن معاہدوں پر مکمل عمل درآمد سے مشروط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ روس کے خلاف یورپ کی طرف سے عائد کی گئی پابندیوں کی موجودہ مدت جولائی میں ختم ہو جائے گی لیکن اس مدت میں جولائی کے بعد توسیع کر دی جائے گی۔
امریکا، یورپ اور ان کے بعض اتحادی ممالک نے روسی اقتصاد، روسی کمپنیوں اور شخصیات کے خلاف کئی بار پابندیاں عائد کی ہیں۔ روس کے ساتھ جزیرہ نمائے کریمیہ کے الحاق کا ماسکو کا اقدام روس کے خلاف مغربی پابندیوں کا بہانہ بنا ہے۔ یورپی یونین اکتیس جولائی سے پہلے تک روس کے خلاف عائد پابندیوں کی مدت میں توسیع کے بارے میں فیصلہ کرنا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ روس اور مغرب کے درمیان حالیہ مہینوں کے دوران، خاص طور پر مشرقی یوکرین کے بحران کے بعد، بہت زیادہ کشیدگی پیدا ہوئی ہے اور دونوں فریقوں کے تعلقات سرد جنگ کے بعد نچلی ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
امریکا اور دیگر مغربی ممالک نے یہ دعوی کرتے ہوئے کہ مشرقی یوکرین میں رونما ہونے والی تبدیلیوں میں روس کا ہاتھ رہا ہے، ماسکو کے خلاف بہت سی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔