امریکا کی بے چینی بڑھی، ایران اور روس کے درمیان تاریخی معاہدے پر دستخط
ایران اور روس کے درمیان 25 ارب ڈالر مالیت کا معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت جنوبی ایران میں چار جدید ایٹمی بجلی گھر تعمیر کیے جائیں گے۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور روس نے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت جنوبی ایران کے صوبہ ہرمزگان میں چار جدید نسل کے ایٹمی بجلی گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ اس معاہدے کی مالیت 25 ارب امریکی ڈالر ہے، اور یہ ایران کی کمپنی ہرمز اور روس کی معروف ایٹمی توانائی کمپنی روساتوم کے درمیان طے پایا ہے۔

ایران کے ایٹمی توانائی ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے ماسکو میں منعقدہ ورلڈ ایٹم ویک کے موقع پر ایٹم ایکسپو 2025 نمائش کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس نے ایسے ایٹمی پلانٹس کی تعمیر پر بات چیت کی ہے جو بوشہر ایٹمی بجلی گھر سے بھی بڑے ہوں گے۔

ایران کے ایٹمی توانائی ادارے کے ترجمان نے روس کے ساتھ بوشہر پلانٹ کی کامیاب شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بین الاقوامی معیار پر پورا اترتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی شعبے میں اعتماد اور تعاون کی علامت ہے۔ نمائش میں ایرانی وفد کی قیادت ایٹمی توانائی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی کر رہے تھے، جنہوں نے روسی حکام سے ملاقاتوں میں ایران کے ایٹمی پروگرام کی پیش رفت اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔