جاپان میں ہزاروں افراد کا امریکہ کے خلاف مظاہرہ
ہزاروں جاپانی شہریوں نے جزیرہ اوکیناوہ میں امریکی فوجی اڈے کے سامنے مظاہرہ کیا۔
امریکی میرین فوجی کے ہاتھوں جاپانی خاتون کی عصمت دری اور قتل کے خلاف ہونے والے اس مظاہرے میں شریک عوام، امریکی فوجی اڈہ بند کرنے اور امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کر رہے تھے۔
یہ مظاہرے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب امریکی صدر بارک اوباما بدھ کے روز جی سیون کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے جاپان پہنچے ہیں۔
مظاہرین، امریکی فوجی، عصمت کے لیٹرے اور انسانیت کے قاتل ہیں جیسے نعرے بھی لگا رہے تھے۔
اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اوکیناوہ کے میئر نے کہا کہ پچھلے ستّر برس کے دوران امریکی فوجی اڈے کی وجہ سے اس شہر کے لاتعداد لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے حکومت جاپان سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ فوجی تعاون کے معاہدے پر نظرثانی کرے۔
اس سے پہلے جاپان کی وزارت خارجہ نے ٹوکیو میں امریکی سفیر کو طلب کر کے سابق امریکی فوجی کے ہاتھوں جاپانی خاتون کی عصمت دری اور قتل کے واقعے پر سخت احتجاج کیا۔
جزیرہ اوکنیاوہ میں جاپانی خواتین کے خلاف امریکی فوجیوں کے مجرمانہ اقدامات کا معاملہ ٹوکیو واشنگٹن تعلقات میں سخت کشیدگی کا سبب بنا ہوا ہے۔