May ۲۸, ۲۰۱۶ ۲۰:۴۷ Asia/Tehran
  • اسپین کے تیس شہروں میں مظاہرے، روٹی روزگار اور مکان کے نعرے

ہزاروں ہسپانوی شہریوں نے دارالحکومت میڈرڈ سمیت ملک کے تیس شہروں میں معاشی کفایت شعاری کی سرکاری پالیسی کے خلاف زبردست مظاہرے کیے ہیں۔

اسپین کی سو سے زائد سیاسی اور سماجی تنظیموں اور لیبر یونینوں کی اپیل پر ہونے والے ان مظاہروں میں شریک لوگ " روٹی، روزگار اور مکان دو" جیسے نعرے لگارہے تھے۔

مظاہرین نے دارالحکومت میڈرڈ کے چار مختلف چوراہوں سے شہر کے مرکز میں واقع سول اسکوائر کی جانب مارچ کیا جہاں یہ مظاہرہ ایک بڑے احتجاجی اجتماع میں تبدیل ہوگیا۔

جنوبی اسپین کے شہر سویا میں بھی کئی ہزار لوگوں نے بارش کے باوجود سڑکوں پر مارچ کیا اور عالمی معیار کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔

مغربی شہر ویادولید میں سیکڑوں لوگوں نے شہر کے مرکزی علاقے میں مظاہرہ کیا اور حکومت کی معاشی کفایت شعاری کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔

مظاہرین بہتر تعلیمی سہولتوں کی فراہمی اور جاب سیکورٹی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر، روٹی، روزگار اور مکان جسے نعرے لکھے ہوئے تھے۔

ٹیگس