امریکی زیادتی کے خلاف جاپانی شہری سڑکوں پر
امریکی فوجیوں کی زیادتی کے خلاف جزیرہ اوکیناوا کے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز ہزاروں جاپانی شہریوں نے جزیرہ اوکیناوا میں امریکی فوجی اڈے کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے، جاپان میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی اور مقامی لوگوں کے ساتھ ان کی روز روز کی زیادتیوں کے خلاف اپنے سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔
مظاہرے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق اس مظاہرے میں پچاس ہزار افراد شریک ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ رواں سال ، اپریل کے مہینے میں ایک سابق امریکی فوجی نے ایک بیس سالہ جاپانی لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے کے بعد اسے قتل کر دیا تھا۔ اس خبر کے منظرعام پرآنے کے بعد جاپانی عوام میں شدید اشتعال اورغم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اس موقع پر مقتولہ کے والد نے حاضرین سے مختصر خطاب کیا۔
اوکیناوا میں امریکی فوجیوں کے خلاف ہونے والے اس مظاہرے کے شرکا ایسے پلے کارڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے کہ جن پر لکھا تھا کہ "ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے" ۔
اطلاعات کے مطابق امریکا کے خلاف اسی طرح کا ایک مظاہرہ ٹوکیو میں واقع پارلیمنٹ کی عمارت کے سامنے بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکی فوجی، ٹوکیو اور واشنگٹن کے درمیان ایک معاہدے کے تحت اوکیناوا میں تعینات ہیں۔ اوکیناوا جاپان کے اہم اور قابل دید سیاحتی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔