طیارہ مار گرانے پر ترکی نے روس سے معافی مانگ لی
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے طیارہ مار گرائے کے معاملے پر روس سے باضابطہ معافی مانگ لی ہے۔
ماسکو میں کریملن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوغان نے صدر ولادی میرپوتن کے نام اپنے ایک خط میں شام کی سرحد پر روسی جنگی طیارہ مار گرائے جانے پرعذر خواہی کرلی ہے۔
ترک صدر نے اپنے خط میں امید ظاہر کی ہے کہ روسی جنگی طیارہ مار گرائے جانے کا معاملہ حل کرلیا جائے گا۔ کریملن کے جاری کردہ بیان کے مطابق ترک صدر نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ میں ایک بار پھر روسی طیارے کے حادثے میں مرنے والے پائلٹ کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ ترک حکام کی جانب سے کریملن کے اس بیان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
ترکی اور روس کے تعلقات نومبر دوہزار پندرہ میں اس وقت کشیدہ ہوگئے تھے جب ترکی نے اپنی سرحد کے قریب واقع شامی علاقے میں داعشی دہشت گردوں کے خلاف حملہ کرنے والے ایک روسی طیارے کو مار گرایا تھا۔
ترکی نے دعوی کیا تھا کہ روسی طیارے نے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔
-روس نے ترکی کے اس دعوے کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے انقرہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔