تعلقات کی بحالی کے بعد روس ترک وزرائے خارجہ کی پہلی ملاقات
روس اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے ماسکو انقرہ تعلقات کی بحالی کے بعد پہلی بار ایک دوسرے سے ملاقات کی۔
خبروں کے مطابق روس کے جنوبی شہر سوچی میں ہونے والی اس ملاقات میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف اور ترک وزیر خارجہ چاؤش اوغلو نے باہمی تعلقات معمول پر لانے کا عزم ظاہر کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے امید ظاہر کی اس ملاقات کے نتیجے میں روس ترکی تعلقات کی مکمل بحالی کا آغا ہو گا۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور ترک صدر رجب طیب اردوغان کے درمیان ٹیلی فونی بات چیت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کا آغاز ہوا ہے۔
روس اور ترکی کے تعلقات گزشتہ سال نومبرمیں اس وقت خراب ہو گئے تھے جب ترک فضائیہ نے شام کے ساتھ ملحقہ سرحدوں کے قریب پرواز کرنے والے روس کے ایک لڑاکا طیارے کو مار گرایا تھا جس کے نتیجے میں اس کا ایک پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔
ترکی نے دعوی کیا تھا کہ روسی طیارے نے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے تاہم روس نے اسے سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے ترکی سے اس واقعہ پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔