Jul ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • فرانس: نیس واقعے کی عالمی سطح پر مذمت

فرانس کے شہر نیس میں قومی جشن کے موقع پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نیس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی گھناؤنا فعل قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے نیس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے بارہا کہا ہے کہ عالمی اجماع اور تعاون کے بغیر دہشت گردی کی بیخ کنی ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ دہشت گردی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی تساہلی اور دوہری پالیسیاں قابل مذمت ہیں اور ان پالیسیوں کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو گا۔

فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے نیس کے واقعے کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ میں مزید تین ماہ کی توسیع کر دی ہے۔

فرانس کے وزیراعظم مانوئیل والس نے نیس کے واقعے میں چوراسی افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں تین روز کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس دہشت گردی کے خطرات سے مرعوب نہیں ہو گا اور دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

امریکہ کے صد باراک اوباما نے بھی فرانس کے خونی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے بھی اپنے فرانسیسی ہم منصب کے نام تعزیتی پیغام میں دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے بھی دہشت گردی کے تازہ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک فرانس کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا۔

فرانس کے شہر نیس میں دہشت گردانہ حملے کے بعد برطانیہ، اٹلی اور جرمنی سمیت متعدد یورپی ملکوں میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ایک تیونسی نژاد فرانسیسی ڈرائیور نے فرانس کے قومی دن کی تقریبات میں شریک لوگوں کو اپنے ٹرک کے ذریعے کچل کر چوراسی افراد ہلاک کر دیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں متعدد بچے بھی شامل ہیں ہے۔ پچھلے دو برس کے دوران فرانس میں پیش آنے والا دہشت گردی کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے۔

ٹیگس