علیحدگی پسندوں کے حملے میں متعدد یوکرینی فوجی ہلاک
علیحدگی پسندوں کے حملے میں متعدد یوکرینی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
اتوار کے روز " کیف" سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ روس نواز علیحدگی پسندوں اورسرکاری فوجیوں کے درمیان جھڑپوں میں شدت آنے کے بعد چھ یوکرینی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ بیان کے مطابق ان جھڑپوں میں، جو یوکرین کے جنگ سے متاثرہ مشرقی علاقوں میں ہوئیں، تیرہ فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
اس سے قبل منگل کے روز ہونے والی جھڑپوں میں سات یوکرینی فوجی مارے گئے تھے۔
یوکرین میں اپریل دوہزار چودہ سے شروع ہونے والی جھڑپوں اور مسلح تصادم کے نتیجے میں یوکرین کے مشرقی علاقوں میں نو ہزار پانچ سو افراد مارے گئے تھے جس کے باعث مغرب اور روس کے درمیان تعلقات سخت کشیدہ ہوگئے تھے۔
اگرچہ روس نواز مسلح علیحدگی پسندوں اور یوکرین کی حکومت کے درمیان جنگ بندی عمل میں لائی جاچکی لیکن اس کے باوجود گاہے بگاہے فریقین کے درمیان تصادم کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔