Aug ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
  • یورپی یونین کو ترکی کا انتباہ

ترکی نے یورپی یونین سے کہا ہے کہ وہ اکتوبر تک ترک شہریوں کے لئے یورپی ملکوں کا ویزا ختم کرنے کا اعلان کرے

ترک وزیرخارجہ مولود چاؤش اوغلو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر یورپی یونین نے ترک شہریوں کے لئے یورپی ملکوں کے ویزے کی شرط نہ ہٹائی تو وہ یورپ جانے والے تارکین وطن کے لئے اپنی سرحدیں کھول دیں گے - البتہ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ اس قسم کی بدترین صورتحال پیدا ہو لیکن تارکین وطن کو یورپ جانے سے روکنے کے سلسلے میں یورپی یونین اور ترکی کے درمیان جو معاہدہ ہوا ہے اس کی تمام شقوں پر عمل ہونا چاہئے - ترک وزیرخارجہ نے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو ترکی پورے معاہدے کو ہی کالعدم سمجھے گا - واضح رہے کہ ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد ترکی اور یورپی یونین کے تعلقات بیحد کشیدہ ہوگئے ہیں - یورپی ملکوں نے بغاوت میں حصہ لینے والے عہدیداروں کے خلاف ترک حکومت کے اقدامات کی سخت مخالفت کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ ترکی کو یورپی یونین میں رکنیت کے لئے برسوں انتظار کرنا پڑسکتا ہے