کرغیزستان: چینی سفارت خانے کے سامنے کار بم دھماکہ، ایک شخص ہلاک
کرغیزستان میں چینی سفارت خانے کے سامنے کار بم کے دھماکے میں کم سے کم ایک شخص کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔
کرغیزستان کے دارالحکومت بیشکک سے موصولہ رپورٹ کے مطابق چینی سفارتخانے کے قریب کاربم کے اس دھماکے میں گاڑی کا ڈرائیور ہلاک اور تین افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ایک عورت اور چینی سفارتخانے کے دو ملازم شامل ہیں۔
بیشکک کی پولیس نے بتایا ہے کہ ایک کار چینی سفارتخانے کے دروازے سے ٹکرائی ہے۔ کرغیزستان کی انٹیلیجنس کے ایک ذریعے کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکہ خیز مادہ گاڑی کے اندر نصب کیا گیا تھا۔
مقامی باشندوں نے بتایا ہے کہ اس دھماکے کے بعد آس پاس کے گھرلرز اٹھے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد چینی سفارتخانے کے پاس واقع امریکا کا سفارتخانہ بھی خالی کرا لیا گیا۔
آخری اطلاع ملنے تک کسی گروہ یا فرد نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔