Aug ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • ایپل کے معاملے پر امریکا اور یورپی یونین میں کشیدگی

وائٹ ہاؤس نے امریکی کمپنی ایپل کے خلاف یورپی کمیشن کے فیصلے کے اقتصادی نتائج کی بابت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

یورپی کمیشن نے اپنے ایک فیصلے میں کہا ہے کہ امریکی کمپنی ایپل یورپ کو وہ اربوں ڈالر ادا کرے جو اس نے ابھی تک ٹیکس کی صورت میں ادا نہیں کئے ہیں- وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان ارنسٹ نے کہا ہے کہ ہمیں یورپی کمیشن کے یک طرفہ فیصلے پر تشویش ہے - انہوں نے کہا کہ یورپ کے اس فیصلے سے بین الاقوامی مالیاتی نظام میں انصاف کی برقراری کے لئے یورپ کے ساتھ امریکا کے تعاون کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے -

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا یہ بیان ایک ایسے وقت آیا ہے جب یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ ایپل کمپنی نے ساڑھے چودہ ارب ڈالر ٹیکس یورپ کو ادا نہیں کیا ہے- ایپل امریکا کی ایک ملٹی نیشنل کمپنی ہے جو کمپیوٹر کی ڈیزائننگ اور اس کے پرزے بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر جدید ترین  الکٹرانیک سازوسامان تیارکرتی ہے-

وائٹ ہاؤس نے یورپی یونین کے یورپی کمیشن کے اس فیصلے کو امریکی ٹیکس دہندگان کے خلاف ایک غیرمنصفانہ فیصلہ قرار دیا ہے -

دوسری جانب یورپی یونین نے ایپل کمپنی پر الزام لگایا ہے کہ اس نے آئرلینڈ کے ساتھ غیر قانونی سمجھوتہ کرکے یورپ کو ٹیکس دینے سے فرار اختیار کیا ہے- یورپی یونین نے آئرلینڈ پر بھی الزام لگایا ہے کہ اس نے ٹیکس سے فرار اختیار کرنے میں ایپل کا ساتھ دیاہے-

ایپل کمپنی کے ذریعے یورپ کو ٹیکس ادا نہ کئے جانے کے معاملے پر کچھ عرصے سے امریکا اور یورپ کے اقتصادی تعلقات میں سخت  کشید گی پیدا ہو گئی ہے۔