یورپی یونین کا، روس پرعائد پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ
یورپی یونین نے روس کے خلاف جاری پابندیوں میں توسیع کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
روس کی تاس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے اٹھائیس ملکوں نے بدھ کو بریسلز اجلاس میں روس پر عائد پابندیوں میں مزید توسیع کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ پندرہ سمتبر کو کیا جائے گا۔ پندرہ سمتبر کو ہی روس پرعائد یورپی یونین کی پابندیاں ختم ہورہی ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق یورپی یونین نے روس کے ایک سوچھیالیس افراد اور سینتیس قانونی اداروں پر پابندی لگارکھی ہے۔
اس فہرست میں سرکاری حکام، سیاسی رہنما، تاجر، اور سکیورٹی حکام نیز مشرقی یوکرین میں روس نواز حکام ہیں۔ ان پابندیوں کے مطابق بلیک لسٹ میں موجود افراد یورپی یونین کے ملکوں میں داخل نہیں ہوسکتے اور یورپی یونین میں ان کے اثاثے منجمد ہیں۔ یورپی یونین کے وزرا اکتوبر میں روس کے ساتھ تعلقات اور ممکنہ طور پر پابندیوں کے خاتمے یا ان میں کمی لانے کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ یورپی یونین کا یہ فیصلہ دوہزار سترہ میں لاگو ہوگا۔ امریکہ اور یورپی یونین کی پابندیوں کاروس نے بھی پابندیوں سے جواب دیا ہے۔