یورپی یونین کا برطانیہ کے مطالبات ماننے سے انکار
یورپی یونین نے برطانیہ کے مطالبات ماننے سے انکار کردیا ہے-
آئرلینڈ کے وزیراعظم "اینڈا کینی" نے کہا ہے کہ یورپی یونین، برطانیہ کے مطالبات کو تسلیم کرنے پر تیار نہیں ہے۔ انہوں نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین کی مشترکہ واحد منڈی پر مکمل تسلط حاصل کرنے سے متعلق برطانیہ کی خواہش اس وقت تک پوری نہیں ہوگی جب تک تمام یورپی شہریوں کو پوری آزادی کے ساتھ برطانیہ آنے جانے کی اجازت نہیں دیدی جاتی۔
وزیراعظم "اینڈا کینی" نے مزید کہا کہ یورپی ممالک کے سربراہوں نے اس سلسلے میں برطانوی حکام کو اپنے دو ٹوک موقف سے آگاہ کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین سے نکلنے کے لئے برطانوی حکام کے پاس کوئی معقول جواز موجود نہیں ہے۔
یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے سے متعلق محکمے کے سربراہ"ڈیوڈ ڈیویس" نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھاکہ برطانیہ ایک ایسا منفرد سمجھوتہ کرنا چاہتا ہے کہ جس کے تحت اس کی ماضی کی پوزیشن بحال ہو، غیر ملکی تارکین وطن کی آمد میں کمی کے لئے سرحدوں کی نگرانی اور یورپی یونین سے نکلنے کے بعد رکن ملکوں کے ساتھ تجارتی لین دین کو فروغ دیا جاسکے۔
یورپی ملکوں کے سربراہوں نے برطانیہ کو انتباہ دیا ہے کہ اگروہ یورپی منڈیوں پر آزادانہ دسترسی چاہتا ہے تو اسے یورپی یونین کے قوانین کی پوری طرح سے پابندی کرنی ہوگی ایسا نہیں ہوسکتا کہ وہ صرف ان ہی قوانین اور ضابطوں کو اپنائے کہ جنہیں وہ اپنے لئے سود مند سمجھتا ہے۔