امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک مسجد نذر آتش
امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف شدید تعصب کے ماحول کے دوران ایک بار پھر ریاست فلوریڈا میں ایک مسجد کو آگ لگادی گئی ہے-
پریس ٹی وی نے خبردی ہے کہ ریاست فلوریڈا کے علاقے سینٹ لوئیس میں فورٹ پیئرس Fort Pierce مسجد اور اسلامک سینٹر کو عین اس وقت آگ لگادی گئی جب اس علاقے کے مسلمان نمازعیدالاضحی کی تیاری کررہے تھے -
اس خوفناک آگ کے نتیجے میں مسجد کے اصل ہال کی چھت میں گہرا گڑھا پیدا ہوگیا - امریکی پولیس نے بھی اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ مسجد میں آگ جان بو جھ کر لگائی گئی ہے کہا کہ وہ ایک مشتبہ سفید فام شخص کو تلاش کررہی ہے جس کے بارے میں شبہہ ہے کہ اسی نے مسجد میں آگ لگائی ہے-
سینٹ لوئیس شہر کی پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فوٹیج میں موجود تصویروں سے پتہ چلتاہے کہ مشتبہ شخص مسجد میں داخل ہوا تھا - امریکی مسلمانوں نے اس واقعے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے -
اسلام - امریکا تعلقات کونسل نے بھی اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس قسم کے اقدامات کا مقصد، صرف امریکا کے مسلمانوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے - اسلام- امریکا تعلقات کونسل کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلمانوں کی ایک بڑی عید کے موقع پر جو کچھ ہوا ہے ہم سب کو اس پرصدمہ اور تشویش ہے لیکن امریکی مسلمان صرف ایک مسجد اور ایک اسلامک سینٹر تک محدود نہیں، ہم اس طرح کے واقعات سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں -
یا د رہے کہ ریاست فلوریڈا کی مسجد میں آتش زنی کا یہ واقعہ گیارہ ستمبر کی گیارہویں برسی کے موقع پر پیش آیاہے - امریکا اور مغرب میں گیارہ ستمبر کے واقعات کے بعد سے مسلمانوں کو مسلسل طرح طرح کے حملوں کا نشانہ بنایا جاتارہا ہے-