Sep ۱۴, ۲۰۱۶ ۲۰:۳۶ Asia/Tehran
  • تائیوان میں سال کا بدترین طوفان

تائیوان میں رواں سال کے بدترین طوفان نے پانچ لاکھ سے زائد خاندانوں کی زندگی درہم برہم کرکے رکھ دی ہے-

میرانتی نامی خطرناک اور انتہائی شدید طوفان نے تائیوان میں  لاکھوں گھروں میں بجلی کی سپلائی منقطع کردی، اسکول اور تجارتی مراکز اور پروازوں کو منسوخ کردیا - اس خوفناک طوفان سے تائیوان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے -

تائیوان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیاہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران شدید بارش اور تیزہوائیں چلیں گی جبکہ متعدد علاقوں میں سیلاب بھی آسکتاہے - محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ طوفان کی رفتار دوسو سولہ کلومیٹر فی گھنٹہ ہے -

تائیوان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ طوفان رواں سال کے دوران دنیا کا سب سے شدید ترین طوفان ہے اور بدھ کی رات تک اس کی شدت باقی رہے گی - تائیوان کے محکمہ حادثات نے اعلان کیاہے کہ تائیوان کے شہر کائوسیونگ اور دیگر شہروں میں بازار اور اسکول بندرہیں گے - کائوسیونگ شہر میں ہوائی اڈے کو بند کرد یا گیا ہے اور بہت سی پروازیں منسوخ کردی گئیں -

جولائی کے اوائل میں بھی تائیوان میں شدید طوفان آیاتھا جس کے نتیجے میں بجلی کی سپلائی منقطع اور پروازیں منسوخ ہوگئی تھیں تاہم اس طوفان کی شدت موجودہ طوفان سے کم تھی - دوہزار نو میں بھی تائیوان کے جنوب میں شدید طوفان آیا تھا جس میں سات سو افراد لقمہ اجل بن گئے تھے اور تائیوان کو تین ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا -