Sep ۱۵, ۲۰۱۶ ۲۰:۴۷ Asia/Tehran
  • فرانس: یورپی یونین  کو اولینڈ کا انتباہ

فرانس کے صدر نے یورپی یونین کو ایک بڑے بحران کی بابت انتباہ دیا ہے

فرانس کے صدر فرانسوا اولینڈ نے جمعرات کے روز جرمن چانسلر  انجیلا مرکل کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ یورپ کا مستقبل شدید خطرے میں ہے جس کے پیش نظر مشترکہ چارہ جوئی کئے جانے کی ضرورت ہے۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں انجام پانے والی اس ملاقات کا مقصد، یورپی یونین کے سربراہی اجلاس کے تعلق سے دونوں ملکوں کے موقف کو قریب لانا ہے۔ یورپی یونین کا سربراہی اجلاس جمعے کے روز اسلوواکیہ کے درالحکومت " براٹیساوالا" میں منعقد کیا جارہا ہے۔  فرانس کے صدر "فرانسوا اولینڈ" نے اس ملاقات میں یورپ کے لئے روشن مستقبل کے تعین کا مطالبہ کیا، ان کا کہناتھا کہ "براٹیساوالا" کے سربراہی اجلاس میں، یورپی یونین سے برطانیہ کے اخراج کے  فیصلے کے بعد کی تاریخ اور روڈ میپ کا تعین ضروری ہے۔ اس موقع پر انجیلا مرکل  کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کو اپنے آئندہ اجلاس میں اپنی کمزوریوں کا جائزہ لینا ہوگا۔ انجیلا مرکل نے کہا کہ یورپ ایک فیصلہ کن دور سے گز‍ر رہا ہے، جس کے پیش نظر یورپی یونین کے تمام ارکان کو حقیقت پسندی سے یورپی عوام کے خدشات، خواہشات اور آرز‌وؤں کا جائزہ لے کر آئندہ کا پروگرام مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ برطانیہ نے رواں سال کے موسم گرما میں ایک ریفرنڈم کے ذریعے یورپی یونین سے نکلنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد یورپی  پارلمینٹ نے لندن سے درخواست کی تھی کہ وہ یورپی یونین سے اپنے باضابطہ انخلا کے لئے اقدامات شروع کردے۔ یورپی پارلمان کے سربراہ " مارٹن شولٹز‍" کا کہنا تھا کہ یورپی یونین سے انخلا کے لئے برطانیہ کے لیت لعل کے سبب بدامنی میں اضافہ ہوگا اور ملازمتوں کے مواقع خطرے میں پڑ‌جائیں۔