صدر پوتین کی سابق سویت یونین کے رہنماؤں پر کڑی نکتہ چینی
روس کے صدر ولادی میر پوتن نے سویت یونین کے حصے بخرے کئےجانے کی بابت سابق روسی رہنماؤں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
جمعے کے روز کل جماعتی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ولادی میر پوتن نے کہا کہ سویت یونین کی قیادت کو جمہوری اصلاحات کے ذریعے یونین کو بچانے کی کوشش کرنا چاہیےتھی۔
انہوں نے کہا کہ سابق سویت یونین کے تجربات مثبت اور منفی دونوں پہلوؤں کے حامل ہیں لیکن سویت یونین کے حصے بخرے کرنے کا اقدام اچھا تھا یا برا ، یہ سوال ابھی اپنی جگہ باقی ہے۔
واضح رہے کہ آٹھ دسمبر انیس سو اکیانوے کو روس ، بیلاروس اور یوکرین کے رہنماؤں نے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے تحت سویت یونین کو تحلیل اور سویت یونین کی حکومت کو فوری طور پر ختم کردیاگیا۔
اس معاہدے نے سویت یونین کی جمہوریاؤں کے درمیان کنفیڈریشن سمجھوتے کے امکان کو بھی ختم کردیا اور نئے ممالک کی تشکیل کا سبب بنا۔