جرمنی کے شہر ڈرسڈن میں ایک مسجد اور کانفرنس سینٹر کے باہر بم دھماکے
حرمنی کے مشرقی شہر ڈرسڈن میں بموں کے دو دھماکے ہوئے ہیں جن میں کوئی جانی نقصان ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
جرمنی کے مشرقی شہر ڈرسڈن کی پولیس نے منگل کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک بم ڈرسڈن شہر کی ایک مسجد کے باہر پھٹا جبکہ بم کا دوسرا دھماکہ ایک کانفرنس سینٹر کی عمارت کے باہر ہوا۔ ڈرسڈن پولیس کے سربراہ نے کہا کہ ان دھماکوں کا آپس میں ایک دوسرے سے رابطہ ہے اور اس بات کا بھی امکان پایا جاتا ہے کہ یہ دھماکے، دائیں بازو کے ان انتہا پسند عناصر کی جانب سے کئے گئے ہوں جو جرمنی میں غیر ملکیوں کے بسنے کے خلاف ہیں- جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ ان دھماکوں میں کسی کو گزند نہیں پہنچی لیکن دھماکے کی جگہوں پر لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پہلا بم دھماکہ پیر اور منگل کی درمیانی رات مقامی وقت کے مطابق رات دس بجے ہوا جبکہ ڈرسڈن شہر کی ایک سڑک کے کنارے واقع ایک مسجد کے باہر بھی ایک دستی بم کا پتہ لگایا گیا- اس کے بیس منٹ بعد دوسرا دھماکہ ایک کانفرنس سینٹر کے باہر ہوا- یہ دھماکے ایک ایسے وقت ہوئے ہیں جب یکم سے تین اکتوبر تک ڈرسڈن شہر میں جرمنی کے اتحاد کی سالگرہ کا جشن منایا جانے والاہے-