Oct ۰۲, ۲۰۱۶ ۱۶:۲۶ Asia/Tehran
  • یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کا عمل شروع کرنے کی تاریخ کا اعلان

برطانوی وزیر اعظم نے یورپی یونین سے اپنے ملک کی علیحدگی کا عمل شروع کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا ہے گیا کہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مئے نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کا عمل اگلے سال مارچ کے آخر میں شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لسبن معاہدے کی شق پچاس کے تحت برطانیہ مقررہ تاریخ سے علیحدگی کا عمل شروع کرے گا۔ حکومت برطانیہ نے تئیس جون دو ہزار سولہ کو ہونے والے ریفرنڈم کو سو دن مکمل ہونے کے باوجود یورپی یونین سے علیحدگی کا عمل شروع کرنے کے لئے کسی تاریخ کا اب تک اعلان نہیں کیا تھا۔ لسبن معاہدے کی شق پچاس کے تحت برطانیہ نے یورپی یونین کے عہدیداروں کے ساتھ علیحدگی کا عمل شروع کرنے کے لئے مذاکرات بھی شروع نہیں کئے ہیں۔ ڈیوڈ کیمرون کے استعفے کے بعد بارہ جون کو برطانیہ کی وزرات عظمی کا قلمدان سنبھالنے والی تھریسا مئے نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے عمل کو رواں سال کے دوران شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔ قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کا عمل دو سال میں مکمل ہو گا۔