یورپی یونین میں روسی نمائندے کی امریکہ پر نکتہ چینی
روس نے ایک بار پھر کہا ہے کہ امریکہ نے شام کے بارے میں ماسکو کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے کی خلاف ورزی کی ہے۔
یورپی یونین میں روس کے مستقل نمائندے ولادی میر چگوف نے بدھ کے روز برسلز میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان اصل اختلاف ہی یہ ہے کہ امریکہ نے شام کے بارے میں اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا۔
روسی نمائندے نے کہا کہ امریکہ نے سمجھوتے کے بعض معاملات پر انتہائی پس و پیش سے کام لیا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ روس سمجھتا ہے کہ امریکہ شام میں دہشت گردوں کی مسلسل حمایت کر رہا ہے۔
اس سے قبل روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے بھی کہا تھا کہ امریکہ میں بعض حلقے پہلے دن سے ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ روس بحران شام کے سیاسی حل کی کوشش جاری رکھے گا۔
روس کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ شام کے بارے میں اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا الزام روس کی گردن پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔