Oct ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۸:۴۵ Asia/Tehran
  • سعودی عرب بھوک اور قحط کو جنگی ٹیکٹک کے طور پر استعمال کر رہا ہے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب، بھوک اور قحط سالی کو یمن کے عوام کے خلاف ایک ٹیکٹک کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

بچوں کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی کمیٹی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب بھوک اور قحط کو یمن کے عوام کے خلاف ایک ٹیکٹک کے طور پر استمعال کر رہا ہے اور سعودی عرب کی شیعہ آبادی اس سے متاثر ہورہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا  ہے کہ سعودی عرب کی شیعہ آبادی کے بچے تعلیم کی سہولتوں سے محروم ہیں اور ان کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی قوانین میں بھی بچوں کے حقوق کی کوئی ضمانت نہیں دی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کی بچوں کے حقوق سے متعلق کمیٹی کے اٹھارہ ارکان نے سعودی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اٹھارہ سال سے کم عمر کے شہریوں سے متعلق عالمی ضابطوں کی پاسداری کرے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی عرب میں بچوں کے جنسی استحصال پر پابندی عائد کی جائے اور بچوں کو اذیت دینے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے۔

قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ نے رواں کے وسط میں سعودی اتحاد کا نام بچوں کے حقوق پامال کرنے والوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ اقوام متحدہ نے سعودی اتحاد کو یمن میں بچوں کی ساٹھ فی صد اموات کا ذمہ دار قرار دیا تھا تاہم دو دن کے بعد ادارے کے سیکریٹری جنرل نے اس اتحاد کا نام مذکورہ فہرست سے خارج کردیا تھا۔