حلب میں ایک بار پھر جنگ بندی کے لئے روس اور شام سے یورپی یونین کی درخواست
یورپی یونین نے حلب شہر میں انسان دوستانہ بنیادوں پر ایک بار پھر عارضی جنگ بندی کے لئے، روس اورشام کو راضی کرنے کی کوشش کی ہے-
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی اور انسان دوستانہ امور میں یورپی یونین کے ہائی کمشنر کریسٹس اسٹائلانڈیس نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ حلب کے مشرقی علاقے سے عام شہریوں اور زخمیوں کو باہر نکالنے اور اس علاقے میں انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کے بارے میں اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی کوششوں کے باوجود کسی نتیجے پر نہ پہنچ پانا باعث افسوس ہے -
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ حلب شہر میں ہزاروں افراد کو فوری طور پر انسان دوستانہ امداد کی ضرورت ہے اور حلب میں زخمی ہونے والوں کے لئے فوری طورپر طبی امداد بھی فراہم کی جانی چاہئے -
واضح رہے کہ حلب کے مشرقی علاقے میں جس پر دہشت گرد گروہ جبہہ النصرہ اور نام نہاد اعتدال پسند مسلح مخالفین کا قبضہ ہے ڈھائی لاکھ سے زائد شامی باشندے پھنسے ہوئے ہیں -
شام اور روس نے گذشتہ ہفتے انسانی بنیادوں پرعارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا لیکن اس عرصے میں اقوام متحدہ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دعویدار ملکوں نے کوئی کام انجام نہیں دیا -