Oct ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • آئی ایم ایف کی جانب سے سعودی عرب کو انتباہ

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے سعودی عرب کی ابتر اقتصادی صورتحال کی بابت خبردار کیا ہے-

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کے حوالے سے ارنا نے خبردی ہے کہ آئی ایم ایف کی سربراہ کریسٹین لاگارڈ نے سعودی عرب کے اعلی حکام سے ملاقات میں انہیں سعودی عرب کی ابتر اقتصادی صورتحال کی بابت خبردار کرتے ہوئے ملک کو اقتصادی تباہی سے بچانے کی کوشش کرنے کی سفارش کی ہے-

لاگارڈ نے سعودی حکام سے کہا ہے کہ وہ ملک کی آمدنی اور اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مختلف طریقے اپنائیں - آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہاکہ سعودی عرب کو چاہئے کہ وہ اپنے اخراجات کو کم کرنے کی جانب قدم بڑھائے تاکہ  اپنا بجٹ خسارہ کم کرسکے -

سعودی عرب کے وزیرخزانہ ابراہیم عساف نے بھی اپنے ملک میں مالی اور اقتصادی بحران کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض صرف بیرون ملک کریڈٹ بونڈ کے ذریعے سرمایہ کاری پرا کتفا نہیں کرے گا بلکہ وہ اپنے مالی بحران پرقابو پانے کے لئے دیگر راستے بھی تلاش کرے گا-

واضح رہے کہ پچھلے دو برسوں کے دوران تیل کی عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں کو کم کرنے کی سعودی عرب کی سازش کی ناکامی سعودی عرب کے  بجٹ خسارے کا باعث بنی ہے اور نتیجے میں اس نے ملک کے اندر ملازمین کی تنخواہیں کم اور دیگر عوامی سہولتیں ختم کردی ہیں - سعودی عرب نے دوسرے ملکوں میں کریڈٹ بونڈ کے ذریعے سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ مختلف سیکٹر میں اپنی سرمایہ کاری بند کردی ہے -