ٹرمپ نواز ملیشیا نے سول وار کی تیاری شروع کر دی
امریکی ریاست جارجیا کا ایک مسلح گروہ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار ہلیری کلنٹن کی کامیابی کی صورت میں سول وار شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تھری پرسنٹ سیکورٹی فورس نامی ملیشیا کے سربراہ چارلز ہل نے کہا ہے کہ اگر آٹھ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ہلیری کلنٹن نے اپنے ریپبلیکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے دی تو وہ خاموش نہیں رہیں گے۔ چارلز ہل کا کہنا تھا یہ امریکہ کو تباہی سے بچانے کا آخری موقع ہے۔
انہوں ہلیری کلنٹن کو فراڈی اور دھوکے باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کامیاب ہوگئیں تو ان کا گروپ واشنگٹن کی جانب مارچ کرے گا تاکہ نئے صدر کو ان سے ہتھیار واپس لینے سے روکا جائے۔ چارلز ہل نے کہا کہ" میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ وہاں جاؤں گا اور انہیں اس بات کی اجازت نہں دوں گا کہ وہ ہمیں غیر مسلح کریں۔ ہم ماریں گے اور مرجائیں گے لیکن ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ہلیری کلنٹن اپنی پوری انتخابی مہم کے دوران سخت گیر گن کنٹرول قوانین کی بات کرتی رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ بھر میں بڑی تعداد میں ہتھیار پھیلے ہوئے ہیں اور وہ بھی بقول ان کے غلط ہاتھوں میں ہیں اور ہم اس کا سدباب کریں گے۔ اس کے مقابلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت امریکیوں اسلحہ رکھنے اور ساتھ لیکر چلنے کا حق حاصل ہے۔