Nov ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۱ Asia/Tehran
  • یورپی یونین کی اقتصادی پالیسیوں پر اٹلی کی تنقید

اٹلی کے وزیر اعظم نے یورپی یونین کے رکن ملکوں کے بجٹ کے بارے میں یورو زون کے چیئرمین کے موقف پر تنقید کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اٹلی کے وزیر اعظم میتھیو رنتزی نے منگل کے روز ایک بیان میں اقتصادی ترقی کی ترغیب کے مقصد سے علاقے کا بجٹ مختص کئے جانے سے متعلق یورو زون کے چیئرمین یرون ڈیسیل بلم کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اٹلی کی صورت حال سے واقف نہیں ہیں۔

اٹلی کے اقتصادی ترقی و صنعت کے وزیر کارلو کلینڈا نے بھی یورو زون کے چیئرمین یرون ڈیسیل بلم کے بیان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ صرف بجٹ کا مختص کیا جانا ہے نہیں ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ یورپ کو اس وقت کافی مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین کے قوانین کے مطابق رکن ملکوں کو اپنے بجٹ خسارے کی شرح کو کم کر کے اندرون ملک تین فیصد پیداوار کی سطح تک پہنچانا ہوگا جبکہ اٹلی اور اسپین، یورپ کے ایسے ممالک ہیں کہ جن کے بجٹ خسارے کی شرح اس سطح سے کہیں زیادہ ہے۔