برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد مشکلات میں اضافہ
برطانیہ کے بریگزٹ کے وزیر نے کہا ہے کہ برطانیہ کو یورپی یونین کی سنگل مارکیٹ میں شامل ہونے کے لیے بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
پارس ٹوڈے کی رپورٹ برطانیہ کے بریگزٹ کے وزیر ڈیوڈ ڈیوس نے جمعرات کے روز کہا کہ برطانیہ یورپی یونین سے مکمل طور پر نکلنے کے بعد اس کی سنگل مارکیٹ سے بھی نکل جائے گا اور اسے یورپی مارکیٹ کی مصنوعات اور سروسز تک رسائی کے لیے بھاری قیمت ادا کرنا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کو یورپی یونین کی سنگل مارکیٹ کے ہاتھ سے نکل جانے سے متعلق تمام نتائج کو پیش نظر رکھنا ہو گا اور اسے یورپی مصنوعات تک رسائی کے لیے ایسے قواعد و ضوابط وضع کرنا ہوں گے کہ جن سے کمترین خرچ ہو۔
ڈیوڈ ڈیوس کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب برطانیہ کے بہت سے اقتصادی حکام اور اداروں نیز بریگزیٹ کے ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ کے سنگل مارکیٹ سے نکل جانے کا مطلب بہت سے بڑے بینکوں اور کمپنیوں کا برطانیہ سے نکل جانا ہو گا۔ واضح رہے کہ تئیس جون کو ہونے والے ریفرینڈم میں برطانیہ کے اکاون اعشاریہ نو فیصد عوام نے یورپی یونین سے نکل جانے اور اڑتالیس اعشاریہ ایک فیصد عوام نے اس یونین میں باقی رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔