انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے بان کی مون کا پیغام
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے اقوام عالم سے کہا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے قدم بڑھائیں
تہران میں اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر کی رپورٹ کے مطابق بان کی مون نے اپنے اس پیغام میں کہا ہے کہ سبھی انسانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی روز مرہ کی زندگی میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کام کریں اور ایک ایک شخص کے حق کے دفاع کے لئے اٹھ کھڑے ہوں - اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے امن، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کو اس عالمی ادارے کا تین اہم رکن قراردیا اور کہا کہ یہ تینوں ارکان مل کر منظم انسانی معاشرے تشکیل دیتے ہیں - انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے سکریٹری جنرل بان کی مون کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کے سلسلے میں ہمیشہ دوہرا معیار اپنایا ہے - مثال کے طور پر اقوام متحدہ نے جون کے مہینے میں سعودی عرب کے دباؤ میں آکر اس ملک کا نام بچوں کی قاتل حکومتوں کی فہرست سے نکال دیا تھا جبکہ خود اقوام متحدہ نے ہی سعودی حکومت کا نام یمن کے بچوں کی قاتل حکومت کے طور پر اپنی بلیک لیسٹ میں شامل کیا تھا -