امریکا کے نو منتخب صدر کو چین کا انتباہ
چینی وزیرخارجہ نے امریکا کے نومنتخب صدر ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ چین کے مفادات کا احترام کریں -
چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے چین کی حکمراں جماعت کے ترجمان اخبار پیپلز ڈیلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اور امریکا کا تعاون دونوں ملکوں کے مفادات کو پورا کرے گا اس لئے اس موضوع پر توجہ دینے کی ضرورت ہے -
چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین اور امریکا کے محوری اور بنیادی مفادات ہیں اور دونوں ہی ملکوں کو ان کا احترام کرنا چاہئے اور یہی امریکا اور چین کے منافع بخش تعلقات کا راز ہے- انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ملکوں کے بنیادی مفادات کا احترام کرنے اور دوطرفہ تشویشوں پر توجہ دینے کی صورت میں ہی باہمی تعلقات کے استحکام کی ضمانت دی جاسکتی ہے -
یاد رہے کہ امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی حال ہی میں کہا تھا کہ واشنگٹن خود کو اس بات کا پابند نہیں سمجھتا کہ وہ متحدہ چین کی پالیسی کو جاری رکھے جس میں تائیوان کو چین کا حصہ قراردیا گیا ہے - چین تائیوان کی طرف سے خود مختاری کی کوششوں کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتاہے اور اس کو اپنے لئے ریڈ لائن سمجھتاہے- چین تائیوان کو اپنی سرزمین کا حصہ قراردیتا ہے -