صدارت خاندانی کاروبار نہیں، اوباما کی ٹرمپ کو نصیحت
امریکی صدر براک اوباما نے نومنتخب صدر پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انھیں سیاسی معاملات کو سمجھنے کا مشورہ دیا ہے۔
اے بی سی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے براک اوباما نے کہا کہ امریکہ کی صدارت خاندانی کاروبار نہیں ہے لہذا ڈونلڈ ٹرمپ کو سیاست پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب صدر کو انتخابی کمپین اورملک چلانے کے درمیان فرق کو سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو نصیحت کی ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کو اپنے خاندانی کاروبار کی طرز پر چلانے کی کوشش نہ کریں کیونکہ ٹرمپ جو کچھ کہیں گے، عالمی بازارِ حصص، مالیاتی بازار اور دنیا بھر میں لوگ اسے سنجیدگی سے لیں گے۔
اوباما نے اپنے اور ٹرمپ کے درمیان پائے جانے والے سیاسی تضادات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں مسٹر ٹرمپ نے سیاسی مسائل کو گہرائی سے سمجھنے کی زیادہ کوشش ہی نہیں کی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ انہیں اس بات پر سخت تشویش ہے کہ بعض ریپلکن ارکان اپنے ڈیموکریٹ ہم وطنوں سے زیادہ روسی صدر ولادی میر پوتن پر اعتماد کرتے ہیں حالانکہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے ایک بار پھر روس پر امریکہ کے حالیہ صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کا الزام عائد کیا۔
روس نے کئی بار امریکہ کے حالیہ صدارتی انتخابات میں ماسکو کی مداخلت کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے اورخود امریکہ کے منتخب صدر نے ان دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔