نئے امریکی صدرکے خلاف امریکی خواتین کا مظاہرہ
امریکی خواتین نے اس ملک کے نئے صدر ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے
امریکا کی جنوب مغربی ریاست یوتاہ کے صدر مقام سالٹ لیک سٹی میں خواتین نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا -
ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں امریکی خواتین جو اپنے سروں پر سرخ رنگ کی کیپ لگائے ہوئے تھیں ریاستی اسمبلی کی عمارت میں داخل ہوگئیں - مظاہرین نے جن کے درمیان ڈیموکریٹک پارٹی کے بھی کچھ رہنما اور اراکین پارلیمنٹ موجود تھے ایسے پلی کارڈ اٹھا رکھےتھے جن پر خواتین کے حقوق کے دفاع میں نعرے درج تھے - مظاہرین نے ریاست یوتاہ کی ریاستی اسمبلی کی عمارت میں داخل ہوکر ٹرمپ کے خلاف نعرے لگائے -
ریاست یوتاہ کی خواتین ریاستی اسمبلی میں داخل ہو کر اسمبلی میں اکثریتی جماعت ریپبلیکن پارٹی کے ممبران کے سامنے اپنا احتجاج درج کرانا چاہتی تھیں - اس سے پہلے ہفتے کو بھی امریکا کے مختلف شہروں میں لاکھوں خواتین نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہرے کئے تھے- کئی دیگر ملکوں منجملہ نیوزی لینڈ ، ارجنٹینا ، برطانیہ فرانس اور اٹلی میں بھی خواتین نے امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف مظاہرے کئےہیں -