مشرقی یوکرین میں لڑائی
مشرقی یوکرین میں جھڑپوں میں ایک بار پھر شدت آگئ ہے ۔
مشرقی یوکرین سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق فوج اور مسلح مخالفین کے درمیان تازہ جھڑپوں میں انیس افراد مارے گئے ہیں ۔ پریس ٹی وی کے مطابق یوکرینی فوج نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کی رات ہونے والی جھڑپوں میں مارے جانے والوں میں اس کے تین فوجی بھی شامل ہیں ۔ اس رپورٹ کے مطابق مشرقی یوکرین میں تازہ جھڑپوں کے دوران چارعام شہری بھی مارے گئے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ دونیسک کے علاقے اودیوکا میں یوکرینی فوجیوں اور مسلح مخالفین نے ایک دوسرے پر راکٹوں اور مارٹر توپوں سے حملہ کیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ منگل کو اودیوکا میں بجلی سپلائی کے مرکز پر توپ کا ایک گولہ گرنے سے اس علاقے میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بجلی کی سپلائی کٹ جانے کے بعد اودیوکا کی ایک کان میں تقریبا دو سو کان کن پھنس گئے جنہیں آخری اطلاع ملنے تک نہیں نکالا جاسکا تھا۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کی سپلائی منقطع ہوجانے کی وجہ سے اودیوکا کے بیس ہزارباشندوں کو سخت سردی کے موسم میں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ یوکرینی فوج اور مسلح مخالفین نے ایک دوسرے پر جنگ بندی اور مینسک معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے ۔ مشرقی یوکرین میں فوج اور علیحدگی پسندوں کے درمیان دو ہزار چودہ سے لڑائی جاری ہے جس میں اب تک ساڑھے نو ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں ۔