پاکستان آرمی چیف اورامریکی وزیردفاع کی ٹیلی فونک گفتگو
پاکستان کےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر دفاع کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں خطے میں امن و امان کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں خطے میں قیام امن کے لیے بات چیت کی گئی جب کہ اس دوران امریکی وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے اہم کردار ادا کیا۔
امریکی وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی قدردانی ایسے میں کی ہے کہ اس سے قبل امریکی حکام پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کرتے رہے ہیں اور اب بھی امریکی حکام کا یہ کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشتگرد موجود ہیں اور حکومت کو چاہئے کہ ان کے خلاف بھرپور کارروائی کرے۔