یورپی یونین کو امریکہ کی جانب سے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کا یقین
یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد اور اس کا تحفظ یورپی یونین کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بعض امریکی حکام سے ملاقات کے بعد اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ امریکہ، ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کا پابند ہے، کہا کہ ایٹمی معاہدے کو مکمل طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدہ مشترکہ تعاون کا بہترین راستہ ہے۔
فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ یہ نہیں کہا جاسکتا کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکہ کی نئی حکومت کے موقف میں کوئی تبدیلی آئی ہے تاہم اس معاہدے کا تحفظ کرنا یورپی یونین کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔
انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کی نظر میں ایٹمی معاہدہ کارآمد واقع ہوا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے برطانوی جریدے سنڈے ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ طے پانے والے ایٹمی معاہدے سے خوش نہیں ہیں اور اس معاہدے کو وہ اب تک کا طے پانے والا بدترین معاہدہ سمجھتے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی اس معاہدے کی مخالفت کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں آئے تو ایٹمی معاہدے کو پھاڑ دیں گے۔