Feb ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran
  • یورپی یونین سے الگ ہونے کی بابت برطانیہ کو سخت انتباہ

یورپی کمیشن کے سربراہ نے لندن کو یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔

یورپی کمیشن کے سربراہ جان کلوڈ یانکر نے منگل کو  اپنے بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین سے الگ ہونے پر برطانیہ کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی-

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سے نکلنے کے بعد اس یونین سے آئندہ تجارتی معاہدے کی غرض سے مذاکرات کے لئے برطانیہ کو برسوں انتظار کرنا پڑے گا- یورپی کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ برطانیہ اور یورپی یونین کے آئندہ تعلقات کو پھر سے بحال کرنے کے لئے طویل وقت درکار ہو گا- ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے آئندہ بجٹ کے لئے برطانیہ کے حصے کی رقم کا اس سے مطالبہ کیا جائے گا- یورپی کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ برطانیہ کو چاہئے کہ وہ اپنے سابقہ وعدوں پر عمل کرے-

واضح رہے کہ  برطانوی عوام نے گذشتہ جون میں ایک ریفرینڈم میں شرکت کر کے یورپی یونین سے برطانیہ کے علیحدہ ہونے کے حق میں ووٹ دیا تھا اور ابھی حال ہی میں برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے بھی اس فیصلے کی توثیق کی ہے-