برطانیہ یورپی یونین سے علیحدگی کا عمل شروع کرنے کے لیے تیار
برطانوی وزیر اعظم تھریسا مئے نے کہا ہے کہ ان کا ملک برگزٹ پر عملدرآمد کی غرض سے یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔
بریسلز میں یورپی سربراہوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم تھریسا مئے کا کہنا تھا کہ برطانیہ، برگزٹ کے معاملے پر مذاکرات، مارچ کے آخر شروع کردے گا۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سے انخلا کا وقت آن پہنچا ہے اور اب برطانیہ خود مختاری کے ساتھ قدم آگے بڑھائے گا۔
برطانوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لسبن معاہدے کی پچاسویں شق پر رواں ماہ کے اختتام تک عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔
لسبن معاہدے کی پچاسویں شق کے مطابق، یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرنے والے ملکوں کو مذکورہ شق کے مطابق عمل کرنا ہوگا۔
برطانیہ کے عوام نے تئیس جون دوہزار سولہ کو ہونے والے استصواب رائے کے ذریعے یورپی یونین سے اپنے ملک کی علیحدگی کے حق میں ووٹ دیئے تھے۔