ترکی کے مقابلے میں ہالینڈ کی حمایت کریں گے، یورپی یونین
یورپی کونسل کے چیئرمین نے بعض یورپی ملکوں کے خلاف ترکی کے الزامات کی مذمت کی ہے۔
فرانس پریس کے مطابق یورپی کونسل کے چیئرمین ڈونلڈ ٹسک نے بعض یورپی ملکوں کے خلاف ترکی کے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکی ہالینڈ تنازعے میں، یورپی یونین بہرحال ہالینڈ کی حمایت کرے گی۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ہالینڈ پر فسطائی پالیسیاں اپنانے کا الزام لگایا ہے۔
ترکی اور ہالینڈ کے درمیان کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب حکومت ہالینڈ نے ترک وزیرخارجہ کے طیارے کو روٹرڈم ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی۔
ترک وزیر خارجہ، روٹرڈم میں ترک نژاد شہریوں کے اجتماع سے خطاب اور انہیں ملک میں ہونے والے آئینی ریفرینڈم کے حق میں ووٹ دینے کے لیے آمادہ کرنا چاہتے تھے۔
ترکی میں آئینی ریفرینڈم سولہ اپریل کو کرائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک کے پارلیمانی نظام کو صدارتی نظام میں تبدیل کرنا ہے۔