امریکی صدر اور اہل خانہ کے سیکورٹی اخراجات آسمان سے باتیں کرنے لگے
امریکی خفیہ ایجنسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اہل خانہ کے سنگین سیکورٹی اخراجات کے پیش نظر آئندہ سال کے بجٹ میں ساٹھ ملین ڈالر کے اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق انتہائی پیچیدہ طرز زندگی کے باعث امریکی صدر اور ان کے اہل خانہ کی سیروتفریح کے پروگراموں کی سیکورٹی پر آنے والے اخراجات آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں اور سیکورٹی اداروں کو سخت مالی دباؤ کا سامنا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق مذکورہ ساٹھ ملین ڈالر کے اضافی بجٹ میں سے تقریبا ستّائیس ملین ڈالر امریکی صدر، ان کے اہل خانہ اور ٹرمپ ٹاور کی سیکورٹی پر صرف کیے جائیں گے جبکہ تینتیس ملین ڈالر کی رقم امریکی صدر، نائب صدر اور دیگر عہدیداروں کی ملاقاتوں اور دوروں کی سیکورٹی پر خرچ ہو گی۔
امریکی انٹیلی جینس نے ایسے وقت میں سیکورٹی بجٹ میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے کہ جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ، وائٹ ہاوس میں آنے کے بعد سے اپنی ہفتہ وار چھٹیاں فلوریڈا میں واقع ذاتی تفریح گاہ میں گزارتے چلے آرہے ہیں۔
سیکورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی انٹیلی جینس کی جانب سے بجٹ میں اضافے کی درخواست سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ مذکورہ ادارہ، سیکورٹی کے طریقہ کار میں تبدیلی پر مجبور ہو گیا ہے کیونکہ امریکی صدر اور ان کے اہل خانہ اپنے ذاتی پروگراموں اور تفریحی سرگرمیوں میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ یا پابندی کو قبول کرنے لیے تیار نہیں ہیں۔