May ۰۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  • محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر مظاہرے

آج یکم مئی ہے، پورا عالم، اُن شہید مزدور رہنماوں اور ان گنت کارکنان کی یاد میں تقریبات منعقد کررہا ہے جنہوں نے اب سے ایک سو اکتیس (131) سال قبل امریکا کے شہر شکاگو میں مزدوروں، محکوموں اور بے کس انسانوں کے زندہ رہنے کے بنیادی حق کے حصول کے لیے اپنی جان اور مال کا نذرانہ پیش کیا۔

پاکستان میں ٹریڈ یونینوں کے عہدیداروں اور محنت کشوں نے لاھور،کراچی،کویٹہ اور پشاور سمیت دیگر شہروں میں جلوس نکال کر شکاگو اوردنیا بھر کے مزدوروں اور محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاکستان کے صدر ممنون حسین نےمحنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ محنت کشوں کا عالمی دن ایک ایسا موقع ہے جس پر ہم کام کرنے والے مرد و خواتین کی خدمات کو سراہتے ہیں جو ملک کا ایک ناگزیر ستون ہیں، یہ دن شکاگو کے شہیدوں کی یاد تازہ کرتا ہے جنہوں نے جبر، استحصال اور نا انصافی کے خلاف جدوجہد میں قربانیاں دی ہیں۔

دوسری جانب یوم محنت کشوں کی مناسبت سے  کل ٹریڈ یونینوں کے عہدیداروں اور محنت کشوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے کام کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے ملک کی پیشرفت میں محنت کشوں کی کارکردگی اور جد وجہد  کو اہم قراردیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے مختلف ملکوں میں سیاسی اور سماجی میدان میں محنت کشوں کے کردار اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے آج تک ایران کے محنت کشوں کو اسلامی نظام کے مد مقابل لا کھڑا کرنے سے متعلق دشمن کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ تمام تر مذموم کوششوں کے باوجود ، ایران کے محنت کشوں نے ہمیشہ اسلامی نظام کی حمایت کی ہے اور درحقیقت ہمارے متدین محنت کش طبقے نے اس پورے عرصے میں دشمنوں کے منہ پرزوردار طمانچے رسید کيے ہیں۔

واضح رہے کہ یکم مئی مزدوروں کےعالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد امریکہ کے شہر شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کویاد کرنا ہے ۔

ٹیگس